کیسکو اپنی ہٹ دھرمی ختم کرکے زمینداروں کو بجلی کی فراہمی ممکن بنائے، پشتونخوا میپ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال ، مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، مرکزی سیکرٹری صلاح الدین خان اچکزئی کی قیادت میں پارٹی وفد نے صوبائی اسمبلی کے سامنے زمینداروں کے جاری احتجاجی دھرنے میں شرکت کی ۔ احتجاجی دھرنے سے پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر اور ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیسکو کے رویے اور مرکز کی ہٹ دھرمی کے نتیجے میں یومیہ دو گھنٹے بجلی دراصل صوبے کے زراعت کو مکمل طور پر ختم کرنے کی سازش کے سوا کچھ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ زمینداروں اور حکومت کے درمیان جتنے معاہدے ہوئے ہیں اس کی پاسداری نہ مرکزی اور نہ صوبائی حکومت نے کی ہے محکمہ کیسکو کی کرپشن ، سرکاری اداروں کی بلنگ کی عدم ادائیگی کا ملبہ زمینداروں پر ڈالا جاتا ہے جو کہ سراسر غلط اور زمینداروں کے ساتھ سخت ترین ناانصافی کے مترادف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بحیثیت پشتونخواملی عوامی پارٹی زمینداروں کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ تمام صوبے میں حب کو چھوڑ کر صنعت نام کی کوئی شے نہیں۔ صنعت نہ ہونے کی وجہ سے صوبے کے لوگوں کا انحصار زراعت پر ہیں اور مرکزی وصوبائی حکومتیں صوبے کے عوام کی معاشی قتل میں حصہ دار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ صورتحال کسی صورت قابل قبول نہیں اور زمینداروں کے مطالبے میں ان کے ساتھ ہونگے اور حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر زمینداروں کے مطالبات کو تسلیم کریں تاکہ صوبے کے زمینداران فاقہ کشی سے بچ سکیں ۔