بابر اعظم کا ایک اور ریکارڈ، سب کپتانوں سے آگے نکل گئے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا، اور سب سے زیادہ ٹی20 انٹرنیشنل جیتنے والے کپتان بن گئے۔ کپتان بابر اعظم نے گزشتہ روز اتوار کو دوسرے ٹی20 میں آئرلینڈ کو 7وکٹوں سے شکست دے کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
گزشتہ روز ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان کی جیت بابر اعظم کی قیادت میں 45 ویں فتح تھی۔ بابر اعظم سے قبل یوگینڈا کے برائن مسابا نے بطور کپتان 44 میچز میں کامیابی حاصل کی تھی۔
انگلینڈ کے آئن مورگن نے بھی بطور کپتان 44 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ افغانستان کے اصغر افغان نے بطور کپتان 42 میچز جیتے تھے۔
گزشتہ روز حاصل کی گئی فتح نے یوگنڈا کے برائن مسابا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بابر کو سب سے کامیاب ٹی20 کپتان بنا دیا ہے، جنہوں نے 44 فتوحات کے ساتھ یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔
بابر اعظم نے بطور کپتان 78 میچوں میں سے 45 میں فتح حاصل کی، مزید یہ بھی کہ انہوں نے 78 ٹی20 میچز میں پاکستان کی کپتانی کی، جو کہ کسی بھی ملک کے لیے اس فارمیٹ میں بطور کپتان سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا نیا ریکارڈ ہے۔
اس سے قبل آسٹریلیا کے ایرون فنچ کے پاس یہ ریکارڈ تھا، جنہوں نے 76 ٹی20 میچز میں آسٹریلیا کی قیادت کی تھی۔