سندھ میں بہت سارے محکموں میں رشوت نظام کا حصہ بن چکی، علی خورشیدی


کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف علی خورشیدی نے کہا ہے کہ سندھ میں بہت سارے محکموں میں رشوت نظام کا حصہ بن چکی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی خورشیدی نے کہا کہ سندھ کافی مسائل کا شکار ہے، ہماری کوشش ہے جن مسائل سے شہری پریشان ہیں اس پر بات کریں، ہم شہریوں کے پاس جا کر ان سے مسائل پر بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت پر سیاست نہیں کی ہمیشہ آواز اٹھائی، دن بدن چیزیں خراب ہوتی جا رہی ہیں، اسٹریٹ کرائم کو کبھی سیاسی مسئلہ نہیں بنایا۔
علی خورشیدی کا کہنا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر ایک ہی پلاٹ کی کئی کئی فائلیں دے دیتا ہے، شہر میں تقریباً 400 کے قریب ہاؤسنگ سوسائٹیز فعال ہیں، 70 کے قریب سوسائٹیز میں ایڈمنسٹرز کو رجسٹرار کوآپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی نے تعینات کیا۔ ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ صدر آصف زرداری کہتے ہیں سندھ کی زمین پر قبضہ نہیں ہونے دیں گے، کوآپریٹو سوسائٹیز کا محکمۂ بدانتظامی کا شکار ہے۔