وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات، وزیراعظم کی ایرانی سرحدیں جلد کھولنے کی یقین دہانی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں بلوچستان کے پارلیمانی وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات۔ وفد میں پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ فشریز و ساحلی ترقی و ایم پی اے حاجی برکت رند، صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی، صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی و دیگر شامل تھے۔ وفد نے مغربی بلوچستان پیکیج میں شامل تمام ترقیاتی اسکیمات، تربت تا مند روڈ، مند تا گوادر روڈ، دشت کپکپار اور مند سوراپ بارڈر سمیت و دیگر اہم ایشوز پر گفتگو کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمانی وفد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کے لیے تمام وسائل بروکار لائے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اگلے ہفتے تربت تا مند روڈ کا افتتاح کریں گے۔ وزیراعظم نے مند تا گوادر روڈ کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو دشت کپکپار بارڈر اور مند سوراپ بارڈر کو جلد کھولنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دشت کپکپار اور مند سوراپ بارڈر کا جلد افتتاح کیا جائے گا تاکہ علاقے کے لوگوں کو روزگار کی سہولیات میسر ہوں۔