عمران خان کا جیل سے باہر آنا پاکستان کے دکھوں کا مداوا ہے، فواد چوہدری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کا جیل سے باہر آنا پاکستان کے دکھوں کا مداوا کرنے کا حل ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب تلخیاں بڑھانے والی باتیں نہیں بلکہ پانی ڈالنے کی ضرورت ہے، کشمیر سمیت ہر جگہ کی صورتحال آپ کے سامنے ہے، کسانوں سے گندم نہیں اٹھائی جارہی ہے، ہر مسئلے میں پاکستان پھنس رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان مسلمانوں کا بڑا خواب تھا، پاکستان کے لیڈر کو باہر لائیں، ہم ہتھیار اٹھا کر چلنے والے لوگ نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ آج لاہور ہائی کورٹ نے ظل شاہ قتل کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی عبوری ضمانت میں توثیق کردی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس انوارالحق پنوں نے فواد چوہدری کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
اس موقع پر سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فواد چوہدری پر الزام ہے کہ انہوں نے حقائق کو چھپایا، فواد چوہدری نے بتایا نہیں کہ ایک شخص کی گاڑی سے ظل شاہ کا حادثہ ہوا۔
اس پر جسٹس انوار الحق پنوں نے دریافت کیا کہ کیا فواد چوہدری پر لگایا گیا الزام قابل ضمانت ہے ؟ سرکاری وکیل نے کہا کہ جی وہ الزام قابل ضمانت ہے۔
بعد ازاں عدالت نے فواد چوہدری کی عبوری ضمانت میں توثیق کردی۔
یاد رہے کہ 8 مارچ کو لاہور میں پی ٹی آئی کی ریلی کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پولیس نے کریک ڈاؤن کیا تھا جبکہ اس دوران پی ٹی آئی کا کارکن علی بلال جاں بحق ہوگیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لاہور میں زمان پارک سے داتا دربار تک شیڈول ریلی کی منسوخی کے اعلان کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر الزام عائد کیا تھا کہ پارٹی کارکن علی بلال (ظل شاہ) کو ’پنجاب پولیس نے قتل‘ کردیا ہے۔
اس وقت کے وزیر اعلی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مکمل غیر جانبدرانہ اور حقائق و شواہد پر مبنی انکوائری کرنے کا حکم دیا تھا۔