وزیر خزانہ کی ایف بی آر کو آئی ایم ایف کے مطالبات کا گہرائی سے جائزہ لیکر جواب دینے کی ہدایت


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) اور ایف بی آر کے درمیان نئے بیل آؤٹ پیکج کے لیے مذاکرات آج بھی ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کے چیئرمین اور ممبران نے آئی ایم ایف وفد سے ملاقات سے قبل وزیرخزانہ محمداورنگزیب سے ملاقات کی جس میں عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ جاری مذاکرات کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جب کہ ایف بی آرحکام نے وزیرخزانہ کو آئی ایم ایف کے نئے مطالبات اور ان کے اثرات پر بریفنگ دی۔
وزیرخزانہ نے ایف بی آر حکام کو آئی ایم ایف کے تمام مطالبات کاگہرائی سے جائزہ لینےکے بعد جواب دینے کی ہدایت کی۔
اس کے علاوہ وزیرخزانہ نے ایف بی آر کو ڈیجیٹلا ئزیشن اورٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کیلئے ہر ممکن اقدامات کی بھی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر اور آئی ایم ایف کے درمیان آج مذاکرات کے 2 دور ہوں گے جن میں ایف بی آر کے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے سے متعلق آئی ایم ایف کو آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد کے ساتھ مذاکرات میں رواں سال ٹیکس وصولیوں پر پیشرفت اور اگلے مالی سال کیلئے ٹیکس ہدف پربات ہوگی، اس دوران رئیل اسٹیٹ اور زراعت کو ٹیکس نیٹ میں لانے اور اس میں آنے والی قانونی مشکلات پر بات ہوگی جب کہ تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے اقدامات پر آئی ایم ایف کو اعتماد میں لیا جائے گا۔