احسن اقبال کا مراد سعید کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ، کیس میں اہم پیشرفت
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر احسن اقبال کے سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے خلاف ہتک عزت کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے مراد سعید کی مسلسل غیر حاضری اور وکیل کی عدم پیشی پر کارروائی یکطرفہ طور پر چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ایڈیشنل جج حسینہ ثقلین نے مراد سعید کے خلاف ہتک عزت کیس کی سماعت کی، احسن قبال اپنے وکیل قیصر امام کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔
ہتک عزت کیس میں احسن اقبال نے اپنا بیان عدالت میں ریکارڈ کروایا اور کہا کہ مراد سعید کی جھوٹی مہم سے میری ساکھ کونقصان پہنچا۔انہوں نے مزید کہا کہ 2019 میں مراد سعید نے مجھ پر ملتان سکھر موٹروے میں کرپشن کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال نے 70 ارب روپے رشوت لی ہے۔احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ غیرمشروط معافی کے ساتھ مراد سعید 10 ارب روپے ہرجانہ بھریں۔عدالت نے آئندہ سماعت پر 3 گواہان کو بیان ریکارڈ کرانے کےلیے طلب کیا اور سماعت 23 مئی تک ملتوی کردی۔