انٹرا پارٹی انتخابات پر اعتراضات , پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کروادیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)انٹراپارٹی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کے اعتراضات پر تحریک انصاف نے جواب جمع کروادیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی کے چیف الیکشن کمشنر رؤف حسن نے الیکشن کمیشن میں 5 صفحات پر مشتمل جواب جمع کرایا، پی ٹی آئی کی جانب سےموقف اختیار کیا گیا کہ انٹراپارٹی انتخابات نہ کرانے کی بات درست نہیں، پی ٹی آئی کے خلاف سیکشن 208 اے کے تحت کارروائی نہیں بنتی، پی ٹی آئی نے 9 جون 2022 اور 23 نومبر 2023 کو انٹراپارٹی انتخابات کروائے۔جواب میں کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک متحرک جماعت کے طور پر موجود ہے، الیکشن ایکٹ میں ایسی کوئی شق شامل نہیں جماعت کا تنظیمی ڈھانچہ ختم ہوا ہے، الیکشن کمیشن میں پارٹی اندراج کیلئے ایک بار دستاویزات جمع کرائی جاتی ہیں۔جواب میں کہا گیا کہ لسٹ میں شامل سیاسی جماعت کے خلاف سیکشن 202 کے تحت کارروائی نہیں ہوسکتی۔پارٹی کی جنرل باڈی کا اجلاس 31جنوری 2024ء کو ہوا، جنرل باڈی اجلاس میں چاروں صوبوں سمیت وفاق سے ارکان نے شرکت کی۔