اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کیسے ہوئی ؟ اہم تفصیلات سامنے آ گئیں


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کیسے ہوئی ؟ اس حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آ ئی ہیں ۔اسلام آباد میں پارلیمانی رپورٹرز سے غیر رسمی گفتگو میں عمر ایوب نے انکشاف کیا کہ امریکی سفیر نے وزارت خارجہ کے ذریعے ملاقات کا کہا تھا۔ امریکی سفیر کی پی ٹی آئی کی پارلیمانی قیادت سے ملاقات کو کرٹسی کال کہا جاسکتا ہے۔ امریکی سفیرنے وزارت خارجہ کو وزیراعظم، سپیکر اور اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کا کہا تھا۔
صحافی نے عمرایوب سے استفسار کیا کہ کیا ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی بات ہوئی؟
اس پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ امریکی سفیر سے ملاقات بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر بات نہیں ہوئی۔ہم نے ڈونلڈبلوم سے کہا کہ قانون کی حکمرانی ہو،ہم بھی قبول کریں گے آپ بھی کریں،ہم اندرونی معاملات میں بیرونی مداخلت نہیں چاہتے ہیں۔
عمرایوب نے کہا کہ ملاقات میں واضح کیا کہ مداخلت نہ امریکا کی مانتے ہیں نہ یوکے کی نہ کسی اورملک کی، امریکی سفیرسے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذکرکیا ۔
صحافیوں کے روبرو اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوئے ہیں،آنے والے دنوں میں (ن) لیگ اورپیپلزپارٹی بانی پی ٹی آئی سے مذاکرات پرمجبور ہوگی۔ شیرافضل مروت نے شوکاز نوٹس کا جواب دے دیا ہے،جواب قبول ہوگا یا مسترد فیصلہ بانی چیئرمین کریں گے۔