بلوچستان حکومت زمینداروں کے مطالبات تسلیم کرکے زراعت کو بچائے، پی ایس ایف


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی اسمبلی کے سامنے زمینداروں کا دھرنا چھٹے روز بھی جاری، حکومت فوری طور پر زمینداروں کے مطالبات تسلیم کرے۔ پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن مرکزی کمیٹی کے ممبر معصوم خان میرزئی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کسانوں کے معاشی قتل سے باز رہے، ورنہ عوام کا غیض و غضب انہیں پانی کی طرح بہا کر لے جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کا واحد ذریعہ معاش زراعت ہے جسے بھی تباہ کرنے کی گھناو¿نی سازش کی جارہی ہے جو ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔انہوں نے وفاقی حکومت پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہ اسلام آباد کے ذہن میں بلوچستان دشمنی وجود رکھتا ہے جو مزید احساسِ محرومی کا سبب بنے گا۔ حکومت کسانوں کو سبسڈی دینے، کھاد اور جدید بیج دینے کے بجائے انہیں مزید تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کوئی کارخانہ یا انڈسٹری نہیں ہے یہاں کے لوگوں کا واحد ذریعہ معاش زراعت ہے جسے بربادی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا۔