بیوٹمز کرپشن کا گڑھ بن گئی، اساتذہ پر جھوٹے مقدمات ختم کیے جائیں، تکتو پروگریسو پینل
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بیوٹمز تکتو پروگریسو پینل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پینل کے نامزد امیدوار برائے صدر اور بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن کے سابقہ نائب صدر سہیل انور اور سینئر لیکچرار ڈاکٹر اکرم بلوچ کی غیر قانونی گرفتاری اور انتظامیہ کی جانب سے ان کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے اور 4 سینئر اساتذہ کے 4 مہینے پرانے شوکاز نوٹسز کی بنیاد پر ان کو دھمکیاں دینے کے پے در پے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیوٹمز کرپشن اور اقربا پروری کا گڑھ بن چکا ہے اور موجودہ وائس چانسلر صوبے کے بڑے تعلیمی ادارے کے مسائل حل کرنے کے بجائے معزز اساتذہ کرام کو ہتھکڑیاں پہنا کر سرے بازار رسوا کروارہے پیں اور انکو سخت احتجاجی تحریک شروع کرنے کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ بیان میں یہ کہا گیا ہے کہ گورنر، وزیراعلیٰ بلوچستان، اسپیکر صوبائی اسمبلی، ممبران ان مسائل پر خاموش تماشائی بننے کے بجائے وائس چانسلر کے غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لیں بصورت دیگر بیوٹمز کے اساتذہ اپنی ڈگریاں جلا کر بلوچستان اسمبلی کے سامنے تادم مرگ بھوک ہڑتال کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری بیوٹمز کے وائس چانسلر اور انتظامیہ پر عائد ہو گی۔