اسلام آباد

حکومت کا ڈرائیونگ لائسنس کی فیس میں بڑا اضافہ، نوٹیفکیشن جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں بڑا اضافہ، حکومت نے باقاعدہ نوٹیفکیشن کے ذریعے موٹرکار، موٹر بائیک ایل ٹی وی، ایچ ٹی وی ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں کو بڑھا دیا ہے۔ شہریوں کو اب ہر قسم کے لائسنس پر 2ہزار روپے ڈیجٹیلائزیشن فیس بھی ادا کرنی ہوگی۔
حکومت کی جانب سے جاری کردی تفصیلات کے مطابق نوٹیفکیشن میں لرنر لائسنس کی فیس 300 سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دی گئی ہے جبکہ ڈرائیونگ لائسنس کی فیس 3 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
پی ایس وی لائسنس کی فیس بڑھا کر 10 ہزار روپے اور موٹر سائیکل لائسنس کی فیس بھی 10 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ شہریوں کو اب ہر قسم کے لائسنس پر دو ہزار روپے ڈیجٹیلائزیشن فیس بھی ادا کرنی ہوگی، نئی فیسوں کا اطلاق کل سے ہو جائے گا۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے اسلام آباد انتظامیہ نے بھی لائسنس کی فیسوں میں 25 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ جس کے مطابق موٹرکار اورموٹر بائیک ایل ٹی وی، ایچ ٹی وی ڈرائیونگ لائسنس فیس 25 فیصد بڑھا دی گئی تھی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ارجنٹ لائسنس بنوانے والوں کو 2 ہزار روپے اضافی جمع کروانا ہوں گے۔ لائسنس بنوانے والوں کو گاڑی ٹیسٹ کی مد میں اضافی فیس بھی جمع کروانا ہو گی۔ لائسنس بنوانے والے کو موٹر کار موٹر بائیک کی 200 روپے، ایل ٹی وی ڈرائیونگ ٹیسٹ کی 300روپے اضافی فیس دینا پڑے گی۔
ہیوی لائسنس کے لئے ٹیسٹ فیس 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ لائسنس منتقلی کے لیے این او سی فیس بھی ایک ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں