الزام لگانے والوں کو صرف ترقیاتی فنڈز اور کمیشن کی فکر ہے، ترجمان حکومت بلوچستان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے وزراءاراکین صوبائی اسمبلی ،حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ تمام الیکشن متنازعہ رہے ہیں ہارنے والا الزامات عائد کرتا ہے اور جیتنے والے کی کامیابی کو تسلیم نہیں کرتا ماضی میں اقتدار میں رہنے والے قوم پرست رہنماﺅں نے اپنے دور اقتدار میں بلوچستان کے لوگوں کی حالت زار کو بدلنے اور مسائل کے حل کیلئے کوئی کردار ادا نہیں آج حکومت پر جو الزامات لگارہے ہیں انہیں صرف فکر ترقیاتی فنڈز اور کمیشن کی ہے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب احمد نوشیرانی، صوبائی وزیر منصوبہ و ترقیات ظہور احمد بلیدی، حکومتی ترجمان شاہد رندنے بدھ کو بیوٹمز میں پاکستان لٹریسی فیسٹیول میں منعقدہ پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر خزانہ شعیب احمد نوشیروان نے کہا کہ آج اپوزیشن جماعتیں اور ایوان سے باہر رہنے والی جماعتوں سمیت انتخابات میں ہارنے والی جماعتوں کے رہنماءحکومت پر الزامات عائد کررہے ہیں جب یہ دور اقتدار میں تھے انہوں نے مسئلے کیوں حل نہیں کئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ خود وزیر اعلیٰ رہے ان کی جماعت اقتدار میں رہی اسی طرح بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل 1997ءمیں حکومت میں رہے اور گزشتہ حکومت میں قدوس بزنجو کے قریب رہے اور کوئی مسئلہ حل نہیں کیا اسی طرح پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے بھی اپنے دور حکومت میں اقدامات نہیں اٹھائے اور نہ ہی بلدیاتی نظام کو مضبوط اور فعال بناتے ہوئے اختیارات اور وسائل کو نچلی سطح پر منتقل کیا حالانکہ اٹھارویں ترمیم کے تمام وسائل اور اختیارات صوبوں کو منتقل ہوئے لیکن انہوں نے بلوچستان کی بہتری اور عام لوگوں کی حالت زار کو بدلنے کے لئے کوئی کام نہیں ان کا مقصد صرف ترقیاتی فنڈز کا حصول ہے تو جب موقع ملتا ہے تو کام نہیں کرتے اور دوسروں کی کردار کشی کرتے ہیں۔ ظہور بلیدی نے کہا کہ اپوزیشن اور انتخابات میں ہارنے والی جماعتوں نے ہمیشہ انتخابات پر انگلیاں اٹھائی ہے اور تمام انتخابات متنازعہ رہے ہیں ہارنے والا اپنی ہار تسلیم نہیںکرتا اور الیکشن پر تحفظات کا اظہار کرتا ہے جب انہوں نے برسر اقتدار رہتے ہوئے کوئی کام نہیں اپنی غلطیوں کو تسلیم نہیںکرتے انتخابات میں شکست ہوئی اب ان کا اصل مسئلہ پی ایس ڈی پی میں ترقیاتی فنڈز اور کمیشن ہے جس کی وجہ سے یہ واویلا مچارہے ہیں۔ حکومتی ترجمان شاہد رند نے کہا کہ حکومت گڈ گورننس کو بہتر بناتے ہوئے بلوچستان کی حالت زار کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کررہی ہے حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے میں امن وامان سمیت ترقیاتی منصوبوں کو شروع کرکے مقررہ وقت پر ختم کیا جائے تاکہ لوگوں کو ان کے ثمرات مل سکیں۔