وزیراعظم شہباز شریف آج آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف آج آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے جہاں انہیں حال ہی میں احتجاج اور مظاہروں کے دوران پہنچنے والے نقصان پر بریفنگ دی جائے گی۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم مظفر آباد بھی جائیں گے جہاں ان کی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نیلم جہلم پروجیکٹ کا بھی معائنہ کریں گے، اس کے علاوہ انہیں آزادکشمیر میں حال ہی میں ہونے والے احتجاج سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ 3 روز سے آزاد کشمیر میں سستی بجلی اور سستے آٹے کی فراہمی کے لیے جاری احتجاج اور ہڑتال کے دوران مشتعل مظاہرین اور پولیس آمنے سامنے آگئے تھے جس کے دوران پتھراؤ کے جواب میں پولیس نے آنسوگیس کی شیلنگ کردی تھی۔
چھاپوں کے دوران کم از کم 70 افراد کی گرفتاری کے بعد جموں کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔
ہڑتال اور احتجاج کے باعث آزاد کشمیر بھر میں تمام کاروباری مراکز، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند تھے۔
پولیس اور مظاہرین کے دوران جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں کم از کم ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور 90 دیگر افراد زخمی ہو گئے تھے۔