پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کو جو تحفہ دیا وہ بہت بڑا ڈرامے باز ہے: بلاول بھٹو


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو نشانے پر لیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کو جو تحفہ دیا وہ بہت بڑا ڈرامے باز ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ علی امین گنڈاپور سیٹنگ سے وزیر اعلیٰ بنے، پی ٹی آئی سمجھتی ہے کہ یہ وزیراعلیٰ انہوں نے بنایا ہے، اصل میں علی امین کو وزیراعلیٰ کسی اور نے بنایا ہے، علی امین گنڈاپور کی سیٹنگ اچھی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ان لوگوں کا اچھا بچہ ہے، خان کو دکھانے کیلئے ہوائی فائرنگ کرتا ہے، علی امین گنڈاپور کی سیٹنگ اتنی اچھی ہے کہ انہوں نے وزیراعلیٰ بننے کے بعد سب سے پہلے ہمارے دوست محسن نقوی سے ملاقات کی۔
بلاول بھٹو نے اپنی تقریر میں پی ٹی آئی کو بھی نشانے پر رکھا اور کہا کہ پی ٹی آئی بات آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور حقیقی آزادی کی کرتی ہے لیکن اگر اسے بات کرنا ہوتی ہے تو کہتے ہیں کہ ہم اسٹیبلشمنٹ اور فوج سے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اسٹیبلشمنٹ کے پاؤں پکڑ کر زبردستی مداخت کرا رہی ہے، اگر اپوزیشن نو مئی کی معافی مانگنے پر تیار نہیں تو ان کا رونا دھونا جاری رہے گا۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ نو مئی کو احتجاج نہیں فوجی قیادت کے خلاف بغاوت ہوئی تھی جو ناکام ہوئی، پی ٹی آئی کا لیڈر ایک رات جیل میں گزار کر اتنا گھبرایا کہ اس نے فوجی تنصیبات پر حملہ کردیا، اب ان کا لیڈر رو رہا ہے کہ مجھے باہر نکالو۔
بلاول کی تقریر کے دوران قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے ہنگامہ آرائی شور شرابہ کیا گیا جس کے بعد اجلاس ملتوی کردیا گیا۔