ایشوریا رائے زخمی حالت میں بیٹی کے ہمراہ فرانس روانہ


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اسٹار ایشوریا رائے بچن زخمی حالت میں بیٹی کے ہمراہ کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کے لیے ممبئی سے فرانس روانہ ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 15 مئی بدھ کی شب ایشوریا رائے بچن کو ممبئی ایئرپورٹ پر اُن کی بیٹی آرادھیا بچن کے ہمراہ دیکھا گیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایشوریا رائے بچن نے ہاتھ میں (arm sling) پہنا ہوا تھا جو کہ عام طور پر پٹھوں میں تکلیف، معمولی فریکچر یا موچ کی صورت میں استعمال کیا جاتا ہے۔
ویڈیو میں ایشوریا رائے بچن کی بیٹی آرادھیا کو اپنی والدہ کی مدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جس سے واضح ہورہا ہے کہ اداکارہ کے ہاتھ میں زیادہ تکلیف ہے لیکن اس کے باوجود وہ کانز فلم فیسٹول میں شرکت کررہی ہیں۔
ایشوریا رائے کی زخمی حالت میں ویڈیو جیسے ہی وائرل ہوئی تو مداحوں نے تبصرے کرتے ہوئے اداکارہ کی جلد صحتیابی کے لیے دُعائیہ پیغامات جاری کیے۔
واضح رہے کہ فرانس کے شہر کان میں 15 مئی سے 77ویں کانز فلم فیسٹیول کا آغاز ہوگیا ہے، 15 مئی سے شروع ہونے والا ’’کانز فلم فیسٹیول‘‘ 25 مئی تک جاری رہے گا جس میں دنیا بھر کی فلم انڈسٹریز کے اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسرز شرکت کر رہے ہیں۔