سلمان خان نے مجھے شادی کی پیشکش کی، شرمین سیگل


ممبئی(قدرت روزنامہ) ویب سیریز ‘ہیرامنڈی : دی ڈائمنڈ بازار’ میں عالم زیب کا کردار کرنے والی اداکارہ شرمین سیگل نے انکشاف کیا ہے کہ دبنگ اسٹار سلمان خان نے اُنہیں شادی کی پیشکش کی تھی لیکن اُنہوں نے قبول نہیں کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نیٹ فلکس سیریز ‘ہیرا منڈی’ کے ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کی بھانجی و اداکارہ شرمین سیگل سے اُن کے حالیہ انٹرویو میں پوچھا گیا کہ اُنہوں نے پہلی بار کس مشہور شخصیت سے ملاقات کی تھی؟
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے شرمین سیگل نے کہا کہ میری پہلی ملاقات سلمان خان سے ہوئی تھی، اس وقت وہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ‘ہم دل دے چکے صنم’ کی شوٹنگ میں مصروف تھے تو فلم کے سیٹ پر ہی سلمان خان سے میری ملاقات ہوئی تھی۔
شرمین سیگل نے کہا کہ میری عُمر دو یا تین سال تھی، سلمان خان نے مذاق میں مجھ سے پوچھا کہ کیا تم مجھ سے شادی کرو گی؟ تو میں نے فوراََ کہا ‘نہیں’۔
اداکارہ نے کہا کہ اُس وقت میری بہت ہی کم تھی، اتنی چھوٹی عُمر کی بچی کو تو شادی کے بارے میں معلوم ہی نہیں ہوتا، اسی لیے میں ہر بات کے جواب میں ‘نہیں’ کہتی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل شرمین سیگل نے بھارتی کامیڈین کپل شرما کے نیٹ فلکس شو ‘دی گریٹ انڈین کپل شو’ میں ہیرامنڈی کی کاسٹ کے ہمراہ شرکت کی تھی۔
اس شو میں شرمین سیگل نے انکشاف کیا تھا کہ سنجے لیلا بھنسالی کی بھانجی ہونے کے باوجود بھی اُنہوں نےعالم زیب کے کردار کے لیے 16 بار آڈیشن دیے تھے۔ یاد رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق شرمین سیگل نومبر 2023 میں بزنس مین امن مہتا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔