منڈی بہاالدین: کشتی الٹنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد ڈوب کر جاں بحق
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)منڈی بہاالدین کے نواحی علاقے نورپور پیراں کے قریب کشتی الٹنے سے اس پر موجود کار دریائے جہلم میں گر گئی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، مرنے والوں میں دو خواتین اور چار بچے شامل ہیں۔
ریسکیو کے مطابق متاثرہ خاندان نے پیراں والا ضلع جہلم سے اپنی کار کشتی پر لوڈ کرائی دو خواتین عظمت بی بی، شہناز بی بی اور چار بچے 6 سالہ غیور عباس، 6سالہ شاہ میر، 8 سالہ شہیر عباس اور دو سالہ رعنا کار میں ہی بیٹھے تھے۔
ریسکیو کے مطابق کشتی دریا میں توازن برقرار نہ رکھ سکی اور الٹنے سے کار دریا میں جا گری جس سے کار میں سوار دو خواتین اور چار بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق لاشیں دریا سے نکالنے کے بعد تعلقہ ہیڈ کوارٹر اسپتال ملکوال منتقل کردی گئی ہیں۔