نصیر آباد محکمہ ایریگیشن کی کروڑوں روپے مالیت کی مشینری سے قیمتی پرزے نکالنے کا انکشاف


ڈیرہ مراد جمالی(قدرت روزنامہ)ایریگیشن نصیرآباد میں سابق سیکرٹری ایریگیشن کی زمینوں پر کام کرنے والی کروڑوں روپے مالیت کی مشینری سے قیمتی پرزہ جات نکال لیے گئے، جس سے 85 کروڑوں روپے کی دو سال قبل خریدی گئی مشینری کو ناکارہ بنا دیا گیا، صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے نوٹس لیتے ہوئے مشینری ورکشاپ میں طلب کرکے ذمہ داروں کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دے دیا۔ صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی کے پٹ فیڈر، کھیرتھر کینال کے دورے، کھلی کچہری لگانے سے انکشاف ہوا کہ سابقہ دور میں ایریگیشن کی اربوں کی مشینری اور دوسال قبل 85 کروڑوں روپے میں خریدی گئی مشینری آفیسران کی عدم دلچسپی کے باعث بااثر زمینداروں، آفیسران کی زمینوں اور کینالوں پر پڑی ہونے کی وجہ سے ناکارہ ہوگئی ہے جبکہ سابق سیکرٹری ایریگیشن عبدالفتح بھنگر کی زمینوں پر ربی کینال پر پڑی رہنے سے قیمتی پرزے جات مشینری سے نکال لیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف انجینئر اور سپرنٹنڈنگ انجینئر کو مشینری واپس ورکشاپ میں لانے اور مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی ہے اور تمام مشینری کے معائنہ کرنے اور تحقیقات کرنے کے بھی احکامات جاری کیے ہیں جس سے آفیسران میں کھلبلی مچ گئی ہے۔