دالبندین سے اغوا بجار خان کی بازیابی کیلئے انتظامیہ تعاون نہیں کررہی، قبائلی عمائدین


چاغی(قدرت روزنامہ)دالبندین فیصل کالونی سے 8 مئی کو نامعلوم مسلح افراد بجار خان قمبرزئی ولد خواستی خان کو اغوا کرکے لے گئے۔ ان خیالات کا اظہار دالبندین پریس کلب میں بخار خان قمبرزئی کے رشتہ داروں عبدالرحمان قمبر زئی عبدالرﺅف قمبر زئی، شیرا قمبرزئی، گلستان نوتیزئی، رمضان نوتیزئی، محمد حسین نوتیزئی اور حمید اللہ نوتیزئی و دیگر نے پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 مئی دن دہاڑے فیصل کالونی سے نامعلوم مسلح افراد نے کاروباری شخصیت بجار خان قمبرزئی کو بندوق کی نوک پر اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے جو تاحال لاپتہ ہیں جبکہ ان کی گاڑی جوجکی ایریا سے برآمد ہوئی تھی۔ ہم لوگوں نے نامعلوم افراد کیخلاف ایف آئی آر بھی درج کرادی لیکن انتظامیہ تعاون نہیں کررہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم غریب لوگ ہیں، اس لیے انتظامیہ تعاون نہیں کررہی۔ انہوں نے کہا کہ جب سے بجار خان قمبرزءاغوا ہوئے ہیں گھر والوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا اگر انتظامیہ نے بجار خان قمبرزئی کی بازیابی کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے تو ہم مجبوراً اپنا لائحہ عمل تیار کررہے ہیں اور عنقریب ہم لوگ پاک ایران آر سی ڈی شاہراہ کو بھی بلاک کرنے سے بھی گریز نہیں کرینگے اور اپنا سخت احتجاج بھی کرینگے۔