پنجگور سراوان کے قریبی علاقے تین ماہ سے بجلی سے محروم


پنجگور(قدرت روزنامہ)پنجگور کے علاقے سراوان محلہ جامع مسجد کے قریبی علاقے گزشتہ تین ماہ سے زیادہ عرصہ سے بجلی سے محروم ہیں۔ پنجگور کے علاقے سراوان محلہ جامع مسجد کے قریبی علاقے کے لوگ گزشتہ تین ماہ سے بجلی سے یکسر محروم ہیں، تین ماہ قبل علاقے میں بجلی کے کھمبے گر گئے تھے، علاقے کے لوگوں کے بار بار مطالبے کے باوجود تاحال علاقے کی بجلی بحال نہیں کی گئی جبکہ ایک ماہ قبل مختلف علاقوں میں گرے ہوئے کھمبوں کی جگہ نئے کھمبے لگادیئے گئے اور بجلی کو بحال کر دیا گیا جبکہ اس علاقے کو مکمل نظر انداز کر دیا گیا ہے پانی نہ ہونے سے علاقے کے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور کپڑے وغیرہ دھلائی کے لئے کاریزات کا رخ کررہے ہیں، مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ نہ سیاسی لیڈران کو احساس ہے اور نہ ہی واپڈا اس جانب توجہ دیتا ہے علاقے کے عوامی حلقوں نے اپیل کی ہے کہ اس شدید گرمی کے موسم میں علاقے کی بجلی بحال کئے جائیں۔