وڈھ میں مخالف سردار کے ایما پر کارکنوں کو اغوا کیا جارہا ہے، جھالاوان عوامی پینل
خضدار(قدرت روزنامہ)جھالاوان عوامی پینل کے ضلعی رہنما عبدالحق موسیانی نے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر مخالفین کے ایما پر وڈھ کے حالات خراب کیے جارہے ہیں، وڈھ میں بازار سے بااثر سردار کے مسلح جتھوں نے جھالاوان عوامی پینل کے کونسلر سلطان احمد رئیسانی کو اغوا کرلیا، وڈھ اور گردونواح سے لوگوں کا اغوا روزکا معمول بن چکا ہے اور عدم تحفظ کا شکار ہیں، ان خیالات کا اظہار جھالاوان عوامی پینل خضدار کے ضلعی رہنما عبدالحق موسیانی، ضلعی ڈپٹی آرگنائزر رئیس صادق گزگی، حافظ علی اکبر مینگل و دیگر نے کارکنوں کے ہمراہ خضدار پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا وڈھ میں مخالف سردار کے ایما پر جھالاوان عوامی پینل کے کارکنوں کو اغوا کیا جارہا ہے، اس معاملے میں وڈھ انتظامیہ کی خاموشی قابل مذمت اقدام ہے، وڈھ انتظامیہ بااثر سردار کے مسلح جتھوں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے بلکہ مکمل ان کی پشت پناہی کی جارہی ہے، جھالاوان عوامی پینل کے کونسلر کو سرعام اغوا کرکے لے جانا وڈھ کے حالات کو ایک مرتبہ پھر خرابی کی جانب لے جانے کی سازش ہے، وڈھ کے حالات کو جان وبوجھ کر خراب کرنے میں اختر مینگل اور ان کے بیٹے کا ہاتھ ہے، وڈھ انتظامیہ کی خاموشی نام نہاد سردار کے مسلح جتھوں کی وجہ سے وڈھ کے عوام کی روز مرہ زندگی تباہی کے دہانے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وڈھ انتظامیہ کی اغوا کاروں کی پشت پناہی وڈھ کے حالات کو خراب کررہی ہے اور عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، کمشنر قلات ڈویژن و دیگر حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ وڈھ میں جھالاوان عوامی پینل کے مخالفین کے مسلح جتھوں کی بدمعاشی کا نوٹس لیکر ان کیخلاف کارروائی کریں، بصورت دیگر جھالاوان عوامی پینل مزید خاموش نہیں رہےگا۔