کوئٹہ لٹریچر فیسٹول واقعہ، ہجوم میں ایسے واقعات سے خوفزہ ہوجاتی ہوں، ماہرہ خان
کراچی(قدرت روزنامہ)کوئٹہ لٹریچر فیسٹول واقعے پر اداکارہ ماہرہ خان کا رد عمل سامنے آگیا۔
اداکار اور ماڈل ماہرہ خان نے سوشل میڈٰیا پوسٹ میں کہا کہ تقریب میں جوکچھ ہوا وہ غیرضروری تھا۔ کسی کو یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ اسٹیج پر کچھ بھی پھینکنا صحیح ہے چاہے وہ کاغذ کے ہوائی جہاز میں لپٹا پھول ہی کیوں نہ ہو۔
اداکارہ نے مزید کہ کہ ہجوم میں ایسے واقعات ہونے سے نہ صرف اپنے لیے بلکہ دوسروں کے لیے بھی خوفزدہ ہو جاتی ہوں۔ تقریب سے واپسی پرکسی نے کہا کہ آئندہ یہاں کوئی تقریب منعقد نہیں کریں گے تو میں نے مخالفت کی۔ مسئلے کا حل یہ نہیں ہے۔ واقعے کے بعد تقریب ادھوری چھوڑ کر جا سکتی تھی لیکن نہیں گئی۔ دس ہزار لوگوں میں سے صرف ایک شخص کی یہ حرکت تھی۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ چیکنگ بہتر بنا کر اس واقعے کو روکا جا سکتا تھا۔ ماہرہ خان نے گزشتہ دنوں کوئٹہ میں کراچی آرٹس کونسل آف پاکستان کی جانب سے منعقد کیے گئے پاکستان لٹریچر فیسٹیول میں شرکت کی تھی جہاں کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں اسٹیج پر بیٹھی ماہرہ خان کی جانب کچھ پھینکتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔