ہم انسان ہیں، غلط فیصلے ہوجاتے ہیں: آغا علی


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار آغا علی کا کہنا ہے کہ ہم انسان ہیں، غلط فیصلے ہوجاتے ہیں، زندگی میں نیا فیصلہ لیتے وقت ماضی کے غلط فیصلے زیادہ یاد آتے ہیں۔
حال ہی میں آغا علی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز کیریئر، رشتوں، تعلقات اور کاروبار سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔دوران پروگرام میزبان نے سوال کیا کہ ماضی میں کئے گئے کسی فیصلے پر پچھتاوا ہوتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ جب ہم کوئی فیصلہ لے رہے ہوتے ہیں چاہے وہ کوئی رشتہ نبھانے کا ہو یا بزنس کرنے کا ہو اس وقت وہ بالکل ٹھیک لگ رہا ہوتا ہے، یہ احساس وقت گزرنے کے ساتھ ہوتا ہے کہ گویا وہ فیصلہ صحیح تھا یا غلط۔
اداکار نے مزید کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ میں کوئی بھی فیصلہ جلد بازی میں لیتا ہوں بلکہ میں وقت لیتا ہوں، سوچنے اور سمجھنے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کرتا ہوں، پھر وقت کے ساتھ ساتھ ہم بھی بدلتے ہیں، چیزیں اور نظریات بھی بدل جاتے ہیں تو احساس ہوتا ہے کہ شاید جلد بازی میں فیصلہ لے لیا تھا بلآخر انسان ہیں انسان سے ہی غلطیاں ہو جاتی ہیں اور پھر تمام تر تحفظات کے باوجود جو ہونا ہے وہ تو ہونا ہی ہے۔
آغا علی نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ غلط فیصلوں کے اثرات سے باہر نکلنے میں وقت لگتا ہے، لیکن یہ کہنا مشکل ہے کہ کتنا وقت لگتا ہے کیونکہ اس کا دار و مدار تو لگاؤ پر ہے، کہ مجھے اس چیز سے کتنا لگاؤ یا انسیت تھی، لیکن زیادہ فرق تب پڑتا ہے جب زندگی میں کوئی نیا فیصلہ لینا پڑے تو ماضی کے فیصلے زیادہ تکلیف دیتے ہیں۔