بھارتی اداکارہ نے سابق شوہر کرن ویر مہرا سے شادی کو سب سے بڑی غلطی قرار دے دیا


ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی ریئیلٹی شو ’خطروں کے کھلاڑی‘ سیزن 14 سے شہرت حاصل کرنے والے کرن ویر مہرا کی سابقہ اہلیہ، ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ ندھی سیٹھ نے اداکار سے شادی کو اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دے دیا۔
بھارتی ویب سائٹ ’ بالی ووڈ لائف ڈاٹ کام‘ کے مطابق ندھی سیٹھ نے اداکار کرن ویر مہرا کے ساتھ اپنی ناکام شادی سے متعلق بات کی۔ ندھی سیٹھ کا کہنا ہے کہ اُن کا کرن ویر سے شادی کا فیصلہ زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی جس کا اب اُنہیں بے حد احساس ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ کرن ویر مہرا مشہور شوز ’باتیں کچھ ان کہی سی‘، ’وہ تو ہے البیلا‘، ’زیدی دل مانے نہ‘ کا حصہ رہ چکے ہیں۔ اداکار حال ہی میں خطروں کے کھلاڑی سیزن 14 میں شرکت کرنے اور اپنی ناکام شادی کی وجہ سے بھی خبروں میں تھے۔
کرن ویر نے جنوری 2021 میں ٹیلی ویژن اداکارہ ندھی سیٹھ سے شادی کی تھی۔ اس جوڑی سے متعلق حال ہی میں یہ قیاس آرائیاں شروع ہوئی تھیں کہ ان کے درمیان علیحدگی ہو چکی ہے۔ مداحوں کو ان کی علیحدگی کی تصدیق اس وقت ہوئی تھی جب ندھی سیٹھ نے اچانک اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے کرن ویر کے ساتھ اپلوڈ کی گئی سب ہی تصویریں حذف کر دیں۔
دوسری جانب حال ہی میں ندھی نے اپنے نئے بوائے فرینڈ کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ ناصرف اُن کی کرن ویر کے ساتھ علیحدگی ہو چکی ہے بلکہ وہ اپنی زندگی میں آگے بھی بڑھ چکی ہیں۔
بالی ووڈ لائف ڈاٹ کام کے مطابق اب اداکارہ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا ہے کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ اِنہیں دوبارہ پیار ملا ہے، اُن کے خاندان نے اُنہیں نئے رشتے کے لیے منظوری بھی دے دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کرن ویر کے ساتھ شادی کر کے بہت بڑی غلطی کی تھی، اس شادی کے دوران کرن ویر کے ساتھ گزارا گیا وقت بہت تنگ اور کڑا تھا، جیسے ہی مجھے احساس ہوا کہ معاملات ٹھیک نہیں ہو رہے ہیں تو میں نے اس رشتے کو ختم کرنا ہی مناسب سمجھا۔