مرد حضرات سُکینہ کی تعریف کیسے کرتے ہیں: اداکارہ کا انکشاف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی اداکارہ سکینہ نے انکشاف کیا ہے کہ مرد حضرات اُن کی خوبصورتی سے زیادہ اُن کے کام کی تعریف کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ 27 سالہ اداکارہ سکینہ ٹی وی انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ ہیں جنہوں نے 2012ء میں ڈرامہ سیریل ’مسیحا‘ سے اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا۔ اداکارہ نے 2013ء میں لگاتار جیو انٹرٹینمنٹ کے دو ڈراموں ’تیری بے رخی‘ اور ’آسمانوں پر لکھا‘ میں کام کر کے خوب شہرت بٹوری۔
اس کے بعد اداکارہ نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور کامیابیوں کی منزلیں پار کرتی چلی گئیں۔ سکینہ کو حال ہی میں جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل ’گھاٹا‘ میں دیکھا گیا ہے۔
اداکارہ سکینہ نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ خواتین اُن کے حسن کی تعریف کرتی ہیں جبکہ اُن کے مرد مداح صرف اُن کے کام، اداکاری کی تعریف کرتے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ اُنہیں تھوڑا عجیب لگتا ہے کہ کچھ غلط یا الٹا ہو رہا ہے کہ کیوں کہ عموماً مرد حضرات کی جانب سے اداکاراؤں کے حسن کی تعریف کی جاتی ہے۔
شو کے دوران ایک سوال کے جواب میں سکینہ نے بتایا کہ اپنے کریئر میں تاحال انہوں نے اداکارہ صبا قمر کے ساتھ کام نہیں کیا ہے، وہ مستقبل میں صبا قمر کے ساتھ اسکرین شیئر کرنا پسند کریں گی۔
شو کے دوران سکینہ نے اپنے مستقبل کے ہمسفر میں پائی جانے والی خصوصیات سے متعلق بات کرنے سے گریز کیا ۔ شادی اور ہمسفر سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے لیے ہمسفر خود ڈھونڈ لیں گی۔