کوئٹہ میں گیس اور بجلی کی روزانہ بندش قابل مذمت ہے، پشتونخوا میپ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ گیس ،بجلی کی روزانہ لوڈشیڈنگ قابل مذمت ہے ،سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے سوشل میڈیا پر روزانہ گردش کرنیوالی نوٹیفکیشن اور گیس کی بندش سے عوام تنگ آچکے ہیں، اپریل کے مہینے میں بھی صارفین کو گیس میسر نہیں ، بجلی کی بندش کے باعث شہر میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوچکی ہے ، اکثریت علاقوں میں ٹینکرز مافیا کا راج قائم ہے،حکومت گیس ، بجلی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائے، کوئٹہ شہر میںلاقانونیت ، بدامنی ، چوری ، ڈکیتی کی وارداتیں ، سرعام منشیات فروشی جاری ہے ، پولیس تھانوں میں متاثرین ، شہریوں کے مسائل سننے ، جرائم کے واقعات کی ایف آئی آر درج کرنے کی بجائے انہیں مایوس کن جواب دیکر واپس بھیج دیا جاتا ہے ۔ جرائم میں ملوث عناصر پولیس کی گرفت سے کسی صورت آزاد نہیں ، سرہ غوڑگئی سے متعلقہ علاقوں میں فورسز کی ٹریننگ کی حدود نہ صرف پھیلتی جارہی ہے بلکہ آس پاس کے گھروں کی چادر وچار دیواری کی تقدس کی پائمالی ہورہی ہے، تربیتی مشقوں کے دوران عوام کو تنگ کرنے سے گریز کیا جائے اور مقامی آبادی کی مشکلات کو مد نظر رکھا جائے ۔ گزشتہ سال کے سیلاب کے بعد ہنہ اوڑک کا روڈ اب تک نہ بن سکا علاقہ مکین شدید مشکلات سے دوچار ہے ، ہنہ اوڑک میں آج بھی عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، ہنہ اوڑک میں ڈی ایچ اے اور مقامی قبائل کے مابین تنازعہ ، احتجاج کرنیوالوں پر زور زبردستی پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج ،ایف آئی آر اور انہیں جیل بھیجنا قابل افسوس اور قابل گرفت ہے ۔ کوئٹہ شہر کے مین جناح روڈ ، منان چوک تا کبیر بلڈنگ سمیت مختلف علاقوں میں سورج ڈھلتے ہی فحاشی کے اڈے قائم ہوتے جارہے ہیں ، غیر اخلاقی ، فحاشی کے دندے میں ملوث عناصر کے خلا ف ضلعی انتظامیہ اور پولیس بے بس ہے ، جناح روڈ پر نہ صرف عام شہری بلکہ تاجر ،دکاندار، بنک والے تمام لوگ متاثر ہیں ۔ اس دندے کی روک تھام کیلئے فوری طور پر اقدامات کیئے جائے ،پارٹی کوئٹہ کے تمام عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنی کمیٹیوں کو فعال بناکر ہر شعبہ زندگی میں ان کے ساتھ کھڑی ہوگی ۔ پارٹی کے تحصیل ،علاقائی اور ابتدائی یونٹوں کی فعالیت سے ہی عوامی مسائل حل ہونگے اور پارٹی اپنے قومی اہداف کے حصول کی منزل کو تکمیل تک پہنچا سکتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے تحصیل صدر ، تحصیل کچلاغ کے اجلاسوں سے پارٹی کے صوبائی نائب صدر ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا،تحصیل صدر کے سیکرٹری نعیم پیر علیزئی اور تحصیل کچلاغ کے سیکرٹری ملک نادر کاکڑنے خطاب کیا ۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ، صوبائی رابطہ سیکرٹری گل خلجی ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری حضر ت عمر ایڈووکیٹ، نظام عسکر ، حفیظ ترین ، اقبال بٹے زئی ، ضلع کوئٹہ کے سینئر معاونین سعید خان کاکڑ، جمشید خان دوتانی ، ولی بریالی ، نصیر احمد کاکڑ ، ضلع ایگزیکٹیوز وضلع کمیٹی کے اراکین ،تحصیل صدر کے سینئر معاون سیکرٹری راحت بازئی ، تحصیل کچلاغ کے سینئر معاون سیکرٹری رحمت ناصر اورکمیٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی ۔منعقدہ علیحدہ علیحدہ اجلاسوں میں تحصیلوں کی تنظیمی فعالیت ، 8فروری کے انتخابات ، عوامی مسائل اور مختلف نکات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاسوں میں ضلع پارٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا گیا اور اس پر عملدرآمداور تنظیمی فعالیت کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ۔