پاکستان ایران ٹریڈ گیٹ مال بردار گاڑیوں کیلئے کھولنے کے احکامات


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان ایران ٹریڈ گیٹ کو مال بردار گاڑیوں کے لیے 24 گھنٹے کھولنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں اس سلسلے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو اسلام آباد کی جانب سے 24 اپریل 2024 کو ایک لیٹر جاری کردیا گیاتھا۔پاکستان ایران ٹریڈ گیٹ تفتان کو مال بردار گاڑیوں کے لیے 24 گھنٹے کھولنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں کلکٹر کلکٹریٹ آف کسٹم انفورسمنٹ کوئٹہ،ڈائریکٹر فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے)چیف کلکٹر آف کسٹم،تما اسسٹنٹ کلکٹرز،چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان ودیگر کو اس بابت درکار اقدامات کی ہدایت کی گئی ہیں۔جس پر عمل کرتے ہوئے ایڈیشنل کلکٹر محمد شعیب قاضی کے دستخط گزشتہ دنوں ایک اور آفس آڈرجاری کردیا گیا ہے جس میں پاکستان ایران ٹریڈ گیٹ تفتان کو 15 مئی 2024 سے کھولنے کا حکم دیا گیا ہے۔چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی ،سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی،نائب صدر سید عبدالاحد آغا و دیگر نے پاک ایران ٹریڈ گیٹ تفتان کومال بردار گاڑیوں کےلئے 24/7کھولنے پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایوان صنعت وتجارت کوئٹہ بلوچستان نے صوبے کی صنعت وتجارت سے وابستہ افراد کے ساتھ کیا گیا ایک اور وعدہ وفا کردیاہے بلکہ اس سے صوبے کی تجارت پیشہ افراد اور ٹرانسپورٹرز کا ایک اور دیرینہ مطالبہ پورا ہوچکا ہے بلکہ اس فریش آئٹمز کے خراب ہونے کا بھی اب احتمال نہ ہوگا اور بارڈر کے دونوں طرف فریش فروٹس ،ویجیٹیبلز و دیگر کی آمد ورفت سہل ہوگی اس اقدام سے دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان مقررہ تجارتی اہداف کا حصول مزید آسان ہوگا اور دونوں ممالک کے درآمدی و برآمدی شعبوں پر اس کے انتہائی اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان نے پاک ایران جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کے سالانہ اجلاسوں میں بھی اس معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھایا اور وقتا فوقتا اس جانب حکومتی حکام کی توجہ مبذول کرائی جاتی رہی ہیں۔چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے رہنماں کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران ٹریڈ گیٹ کی فعالی سے اب مال بردار گاڑیوں کی آمد و رفت بلا کسی تاخیر کے جاری رہے گی اور دوطرفہ تجارت بلا تعطل جاری رہے گا۔ پہلے یومیہ بنیادوں پر چند گھنٹوں کےلئے ٹریڈ گیٹ کھول دیا جاتا جس کی وجہ سے بارڈر کے دونوں جانب مال بردار گاڑیوں کا رش لگا رہتا اور گاڑیوں کو آمد و رفت اور کلیئرنس میں ہفتے لگ جاتے جس سے قانونی تجارت پر قد غن لگ جاتی اور امپورٹ و ایکسپورٹ کے شعبوں سے منسلک افراد کو کوفت اور پریشانی کا سامنا رہتا تھا۔صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کے ان مشکلات کو دیکھتے ہوئے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بلوچستان نے اس سلسلے میں بھرپور کردار ادا کیا اور ہمیں خوشی ہے کہ اس بابت ہمیں کامیابی ملی۔واضح رہے کہ پہلے صرف سہہ پہر تک بارڈر پر گاڑیوں کی آمد و رفت ہوا کرتی تھی جس کی وجہ سے بارڈر پر ہزاروں گاڑیاں پھنس جاتی تھی اور امپورٹ و ایکسپورٹ کا مال خراب ہو جاتا تھا۔