نواز شریف ہی ملک میں یکجہتی لاسکتے اور مسائل سے نکال سکتے ہیں: وزیر اعظم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں قوم کے لیے نوازشریف سے مل کر چلیں،نوازشریف ہی ملک میں یکجہتی لاسکتے ہیں اور مسائل سے نکال سکتے ہیں۔
ن لیگ کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شہبازشریف 28 مئی تک مسلم لیگ ن کے قائم مقام صدر نامزد ہوگئے۔
28 مئی کو جنرل کونسل کے اجلاس میں نوازشریف کو پارٹی صدر منتخب کیا جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ نواز شریف کو صدارت سے علیحدہ کر کے ظلم کیا گیا تھا،ن لیگ کی صدارت کی امانت نوازشریف کو لوٹانا باعث اطمینان ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف کی گئی سازش نے پاکستان کی جڑوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے،اس وقت مہنگائی اور قرضوں سمیت ملکی معیشت کے مسائل پہاڑ جیسے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کی صدارت سے استعفیٰ دیا تھا جبکہ کچھ عرصہ قبل ہی ن لیگ پنجاب نے نواز شریف کو پارٹی کی صدارت کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی تجویز پیش کی تھی۔