کراچی سمیت سندھ میں موسم شدید گرم رہنے اور پنجاب میں پارہ 45 تک جانے کا امکان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جس کے سبب سندھ اور پنجاب کے متعدد شہروں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
ملک کے بیشتر حصوں میں کل سے ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، درجہ حرارت بتدریج بڑھنے اور آئندہ 10 روز کے دوران 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا امکان ہے، لاہور میں بھی پارہ 48 جبکہ نواب شاہ میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ جون کے پہلے ہفتے میں گرمی کی لہر میں کمی آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم کراچی میں درجہ حرارت ملک کے باقی حصوں کے مقابلے میں بہتر رہے گا جہاں درجہ حرارت 36 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
موسمیاتی ماہرین کی کراچی میں بھی گرمی کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم آج بھی گرم اور مرطوب رہے گا، ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہے اور جنوب مغربی سے 19 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
کراچی کے موسم کے حوالے سے موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے بتایا کہ شہر میں گرمی کی حالیہ لہر بدستور جاری رہے گی اور درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
جواد میمن کے مطابق شہر میں آج بھی درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سمندر کے قریبی علاقوں کورنگی، ڈیفنس اور کلفٹن میں درجہ حرارت 45 سے 46 ڈگری تک جا سکتا ہے جبکہ کراچی میں اگلے 5 سے 7 دنوں تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.2 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہوا۔