مریم نواز اپنے والد کے نقشِ قدم پر چل رہی ہیں، خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے عوام کے لیے جس قسم کے اقدامات کیے ہیں، وہ اپنے والد کے نقش قدم پر چل رہی ہیں۔ مریم نواز نے 3 ماہ میں خدمت کی بنیاد رکھی، ن لیگ کی نئی نسل کی قیادت مریم نواز کر رہی ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے صحت کے شعبے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں، عوام کو صحت سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے، شہریوں کو تمام سہولتیں ان کی دہلیز پر میسر ہوں گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اسپتالوں کی بہتری پہلے ہماری پھر افسران کی ذمہ دار ی بنتی ہے۔ پنجاب حکومت عام شہری بالخصوص خواتین کو دہلیز پر سہولتیں دے رہی ہے۔ موبائل کلینک آن ویلز میں خواتین کے لیے بہترین سہولتیں میسر ہیں
وزیر دفاع نے کہا کہ مریم نواز کے اقدامات سے شہریوں کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں گی، دیہی علاقوں میں کلینک آن ویلز کسی نعمت سے کم نہیں، سرکاری اسپتال میں کینسر یونٹ بھی بنایا جائے گا۔