آزاد کشمیر: بار کونسل نے سب انسپیکٹر عدنان کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے ڈیڈ لائن دیدی


میرپور(قدرت روزنامہ)آزادکشمیر بار کونسل نے چند روز قبل احتجاج کے دوران شہید ہونے والے سب انسپیکٹر عدنان کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ڈیڈ لائن دے دی۔
میر پور بار کونسل کے جاری سرکلر کے مطابق پولیس حقائق کو مسخ کر کے وکلاکے خلاف کیس بنا رہی ہے، 22 مئی تک سب انسپیکٹر عدنان کے قاتل کو گرفتار نہ کیاگیا تو پورے آزادکشمیر میں احتجاج ہوگا۔
وائس چیئرمین میر پور بار کونسل نے ایس ایس پی اور ڈی آئی جی میرپور کو معطل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غفلت کے مرتکب پولیس افسران معطل نہ ہوئے تو احتجاج کریں گے۔
دوسری جانب ترجمان پولیس ضلع میرپور کا کہنا ہے کہ عدنان شہید کے قتل میں نامزد ملزمان گرفتار ہیں، شواہد کی روشنی میں مزید گرفتاریاں کی جا رہی ہیں، عدنان شہید کیس سے متعلق سوشل میڈیا پر غلط پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام شواہد جمع کر لیے ہیں اور معاملے کی انکوائری کے لیے ایڈیشنل ایس پی کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی ہے۔