سولر پینلز کے بعد بیٹریوں کی قیمتوں میں بھی ہزاروں روپے کمی


مہنگائی کے مارے عوام کیلئے ریلیف کا ایک اور ٹھنڈا جھونکا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سولر پینلز کے بعد ملک میں بیٹریوں کی قیمتوں میں بھی ہزاروں روپے کمی ہوگئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس کے مقابلے میں صرف یو پی ایس کی ہی نہیں بلکہ گاڑی کی بیٹریوں کی قیمتوں میں بھی قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔
تاجروں کے مطابق پچھلے سال کی نسبت یو پی ایس کی بیٹریوں کی قیمت میں کمی ہوئی ہے۔ یو پی ایس کی جو بیٹری 38 ہزار روپے کی ملا کرتی تھی اب وہی بیٹری تقریبا 33 ہزار روپے تک مل جاتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسی طرح 110 وولٹ والی بیٹری جو 2 پنکھوں اور لائٹس کے لیے استعمال ہوتی ہے پہلے 23 ہزار روپے میں ملتی تھی اب وہ 20 ہزار روپے پر آ گئی ہے مگر اس کے باوجود بھی لوگوں میں قوت خرید نہیں ہے جس کے باعث وہ پرانی بیٹریاں لینے پر مجبور ہیں کیونکہ قیمتوں میں جتنا اضافہ ہوا تھا اتنی کمی نہیں ہوئی۔
دوسری جانب بعض تاجروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 6 مہینے سے قیمتیں مستحکم ہیں کیوں کہ ڈالر کے ریٹ میں اتار چڑھاؤ پر ہی بیٹریوں کی قیمتوں کا انحصار ہوتا ہے تاہم بیٹریوں کی قیمتوں میں گزشتہ 6 مہینوں سے اضافہ نہیں ہوا اور نہ ہی قیمتوں میں کوئی کمی ہوئی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ بیٹریاں بہت سی جگہوں پر کم قیمتوں میں مل رہی ہیں جس کی وجہ صرف یہی ہے کہ سیل نہیں ہوتی تو دکاندار مال بیچنے کے لیے قیمت گرا دیتے ہیں۔