پھلوں کا بادشاہ آم مارکیٹ میں آگیا، مگر قیمت کیا ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالآخر آگیا وہ پھل جس کا بے صبری سے انتظار رہتا ہے، بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول آم کی پہلی کھیپ کراچی پہنچ گئی ہے، اس وقت 3 اقسام کے آم مارکیٹ میں دستیاب ہیں اور آئندہ 14 روز تک آم کی وافر اقسام کراچی میں دستیاب ہوں گی۔
آم کے بیوپاری حیات نگار نے وی نیوز کو بتایا کہ اس وقت انور راٹھور، سروری اور دوسہری کراچی پہنچ چکا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ابھی آغاز ہے، سندہڑی، چونسا اور لنگڑا جب مارکیٹ میں آتے ہیں تو آم کی قیمت میں کافی حد تک کمی آ جاتی ہے ۔
حیات نگار نے کہاکہ اس وقت آم کم سے کم 150 اور زیادہ سے زیادہ 300 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔ ’اس وقت پنجاب کا آم مارکیٹ میں آیا ہے جبکہ سب سے ذائقہ دار آم سندھڑی اور چونسا ہے‘۔
بیوپاری محب اللہ نے کہاکہ ابھی آغاز ہے، آگے کچھ دنوں میں اچھا اور ذائقہ دار آم آنا شروع ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بار فصل اچھی ہوئی ہے اور آم زیادہ مارکیٹ میں دستیاب ہوگا جس کی وجہ سے امید ہے کہ قیمت بھی کم ہوگی اور لوگوں کو پچھلی بار کے مقابلے اچھا آم ملنے والا ہے۔