بادشاہوں کا کھیل ’پولو ‘ گلگت بلتستان میں کیوں مقبول ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)’پولو‘ گلگت بلتستان کا سب سے مشہور کھیل ہے۔ یہ کھیل صدیوں سے اس خطے کی ثقافت اور روایت کا حصہ رہا ہے۔ پولو کا کھیل یہاں کے مختلف علاقوں خصوصاً چترال اور گلگت اور بلتستان میں بڑے شوق و جذبے سے کھیلا جاتا ہے۔ اس کھیل کی مقبولیت کی کچھ خاص وجوہات ہیں۔
’پولو‘ ثقافت اور تاریخ کا اہم حصہ
پولو گلگت بلتستان کی ثقافت اور تاریخ کا اہم حصہ ہے۔ اس کھیل کی جڑیں بہت قدیم ہیں اور اسے بادشاہوں اور سرداروں کا کھیل کہا جاتا ہے۔ اور قدیم دور سے جب گلگت بلتستان میں راجاؤں کے دور سے کھیلا جاتا ہے جو اب تک چلا آرہا ہے۔
فری اسٹائل پولو
گلگت میں فری اسٹائل پولو کھیل بہت مشہور ہے، کیونکہ اس کھیل میں کوئی رولز اور ریگولیشنز نہیں ہوتے، جس کی وجہ سے اکثر کھیل کے دوران لڑائی جھگڑا بھی ہوتا ہے۔

مشہور پولو گراونڈز
گلگت بلتستان میں کئی مشہور پولو گراونڈز ہیں، جن میں سب سے مشہور شندور پولو گراونڈ ہے۔ شندور پولو فیسٹیول ہر سال جولائی میں منعقد ہوتا ہے اور اس میں ملکی اور بین الاقوامی سیاح بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔ شندور پولو گلگت اور چترال کے درمیان فائنل کھیلا جاتا ہے جو ہر سال چترال کی ٹیم جیت جاتی ہے۔
علاقے کی قدرتی خوبصورتی اور وسیع میدان پولو کے کھیل کے لیے موزوں ہیں۔ اونچے پہاڑوں کے درمیان کُھلے میدان اس کھیل کے لیے بہترین جگہ فراہم کرتے ہیں۔

حکومت اور مقامی انتظامیہ پولو کے کھیل کو فروغ دینے کے لئے مختلف اقدامات کرتی آئی ہے، جن میں مختلف ٹورنامنٹس کا انعقاد شامل ہے، اور ہر سال کیلنڈر آف ائیر میں پولو کے کھیل ضرور شامل ہوتے ہیں۔ انٹر ڈسٹرک اور ڈسٹرک کے درمیان بھی یہ کھیل کھیلے جاتے ہیں۔

’پولو‘ سے محبت
مقامی لوگ پولو کے کھیل سے بےحد محبت کرتے ہیں۔ مقامی میلوں، تہواروں اور شادیوں کے مواقع پر بھی پولو کے مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں۔ پولو کے کھلاڑی شوق سے گھوڑے بھی پالتے ہیں اور کھیلوں کے لیے تیار بھی کرتے ہیں۔گھوڑوں کی خاص نگہداشت بھی کی جاتی ہے، تاکہ کھیل کے دوران گھوڑے تندروست رہیں اور کھیل جِتانے میں کھلاڑی کا ساتھ دیں۔
ان وجوہ کی بنا پر پولو گلگت بلتستان کا سب سے مشہور و مقبول کھیل ہے۔