’مریم نواز آرمی کی وردی کب پہن رہی ہیں‘ ایلیٹ فورس کی وردی پہننے پر صارفین کے تبصرے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پنجاب کی وزارت اعلی سنبھالنے کے بعد سے مریم نواز سوشل میڈیا کی زینت بنی رہی ہیں آج بھی انہوں نے لاہور ایلیٹ فورس پنجاب کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت جہاں انہوں نے خود بھی پولیس کی وردی زیب تن کی ہوئی تھی، جس پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے شروع ہو گئے۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ایلیٹ فورس کی وردی پہنے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اپنے اداروں اور وردی کو عزت ایسے دی جاتی ہے، انہوں نے مخالفین کو طنزاً لکھا کہ جلنے والے آج کوئی دوائی استعمال کر لیں، تصاویر سے دور رہیں، بعد میں ادارہ ذمہ دار نا ہوگا۔
ایسے دی جاتی ہے اپنے اداروں اور وردی کی عزت
ایلیٹ فورس کے مرد اور خواتین کی پاسنگ آوٹ پریڈ میں شرکت
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے ایلیٹ فورس پنجاب کی وردی پہننے پر مریم نواز کو کچے کے علاقے میں جانے کا مشورہ دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز پنجاب پولیس کے دستوں کی قیادت کریں اور کچے کے ڈاکوؤں کا صفایا کریں۔
ن لیگ کی حامی صارف مہوش ظفر نے تحریک انصاف کے لوگوں پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ کام مریم نواز کرتی ہیں اور خون پی ٹی آئی کے لوگوں کا جلتا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنماشہباز گل نے مریم نواز کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کی خدمت میں ایک اور ڈرامہ پیش‘۔
صحافی وحید مراد لکھتے ہیں کہ آج تو مریم نواز نے ایلیٹ فورس کی وردی پہن لی اب کیا ہو گا؟
ایک صارف نے لکھا کہ بس اب صرف یہی پہننا رہ گیا تھا۔ پتہ نہیں مریم نواز یہ سب کر کے کیا سمجھ رہی ہیں کہ وہ بہت اچھی لگیں گی، ان کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز کو وردی میں دیکھ کر میرا سارا موڈ خراب ہو گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ اپریل میں خواتین پولیس ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بھی وزیر اعلیٰ پنجاب نے پولیس وردی پہنی تھی۔ پولیس وردی پہننے کی وجہ سے وہ ہر جگہ موضوع گفتگو بنی تھیں۔