ماضی میں کونسی اہم شخصیات فضائی حادثے میں جاں بحق ہوئی ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)19مئی کو حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان سوار تھے، لیکن یہ اس نوعیت کا پہلا جان لیوا حادثہ نہیں ہے . ماضی میں ایسے بہت سے فضائی حادثات ہوئے ہیں جن میں اہم حکومتی و عسکری شخصیات کی ہلاکت ہوئی ہے .

آئیے آپ کو بتاتے ہیں ماضی قریب کے ہیلی کاپٹر حادثے کون سی اہم شخصیات کی ہلاکت ہوئی ہیں؟

18 جنوری 2023 کو یوکرین کی وزارت داخلہ کی 3 اہم شخصیات ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہو گئی تھیں، یہ حادثہ دارالحکومت کیو کے مشرقی نواحی علاقے میں ایک نرسری کے نزدیک پیش آیا تھا، جس میں ملک کے وزیر داخلہ ڈینس مونسٹیرسکی، اپنے نائب وزیر اور ریاستی سیکرٹری کے ساتھ ہلاک ہوئے .
حکام کے مطابق یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8:30 بجے رونما ہوا، ہیلی کاپٹر گرنے سے کل 14 افراد ہلاک ہوئے تھے . یکم اگست 2022 کو پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں پاکستانی فوج کے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے تھے .
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اس ہیلی کاپٹر کا ملبہ وندر کے علاقے میں موسیٰ گوٹھ سے ملا تھا اور ادارے کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا تھا .

اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل امجد حنیف ستی اور انجینئرنگ کور کے بریگیڈیئر محمد خالد کے علاوہ عملے کے تین ارکان بشمول پائلٹ میجر سعید احمد، پائلٹ میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل تھے .
8 دسمبر 2021 کو انڈین فوج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور اُن کی اہلیہ سمیت 13 افراد انڈین ریاست تمل ناڈو میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے، انڈیا کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے مطابق انڈیا کے چیف آف ڈیفینس اسٹاف کے ہیلی کاپٹر کا رابطہ لینڈنگ سے چند منٹ قبل ہی منقطع ہوا تھا .

چلی کے سابق صدر سیباسشیئن پِنیرا 6 فروری 2024 کا ہیلی کاپٹر لگو رینکو قصبے کے مشرق میں واقع الیہو میں جھیل کے جنوبی کنارے سے تقریباً 40 میٹر کے فاصلے پر گر کر تباہ ہوا، جسے وہ خود اڑا رہے تھے، ہیلی کاپٹر پر سوار دیگر 3 افراد میں ان کی بہن میگڈالینا اور تاجر میگوئل اگناسیو گوریرو اپنے بیٹے بوٹیسٹا گوریرو کے ساتھ بچنے میں کامیاب رہے .

پاکستان کے چھٹے صدر محمد ضیاء الحق 17 اگست 1988 کو بہاولپور میں دریائے ستلج کے قریب فوجی طیارے سی 130 کے حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے، اس حادثے میں پاکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت سمیت پاکستان میں تعینات امریکی سفارتکار آرنلڈ لیوس رافیل بھی جاں بحق ہونیوالے 27 افراد میں شامل تھے .

یکم جون 1987 کو، لبنانی وزیر اعظم رشید کرامی تریپولی سے بیروت جاتے ہوئے اپنے ہیلی کاپٹر میں موجود بم پھٹنے سے ہلاک ہوئے تھے، جو ان کی نشست کی پشت میں نصب کیا گیا تھا، ہیلی کاپٹر میں سوار درجب بھر افراد میں سے صرف رشید کرامی ہی اس حملہ میں اپنی جان کی بازی ہار گئے جبکہ وزیر داخلہ سمیت 4 افراد زخمی ہوئے تھے .

. .

متعلقہ خبریں