کےالیکٹرک کے 5 سالہ پاور ایکوزیشن پروگرام کی منظوری


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نیپرا نے کے الیکٹرک کے 5 سالہ پاور ایکوزیشن پروگرام کی منظوری دے دی۔
اعلامیے کے مطابق نیپرا کی جانب سے پاور ایکوزیشن پروگرام کی منظوری 2024 سے 2028 تک دی گئی۔اتھارٹی کے مطابق پروگرام کی منظوری کراچی میں بجلی کی پائیدار، مستحکم فراہمی کے لیے دی گئی، کے الیکٹرک نے 20 مارچ 2023 کو پاور ایکوزیشن کا جامع منصوبہ جمع کروایا تھا۔5 سالہ پروگرام میں قابل تجدید توانائی، مقامی فیول اور نیشنل گرڈ سے بجلی کا حصول شامل ہے۔
کےالیکٹرک سولر اور ونڈ انرجی سمیت 1282 میگاواٹ قابل تجدید توانائی اپنے جنریشن مکس میں شامل کرے گی۔ جنریشن مکس میں 270 میگاواٹ سولر اور دھابیجی کے قریب 200 میگاواٹ کا ہائبرڈ پلانٹ شامل ہیں۔
سی ای او کےالیکٹرک مونس علوی کا کہنا تھا کہ اپنے پاور ایکوزیشن پروگرام پر نیپرا کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔آئندہ 5 سال کےلیے ہمیں واضح روڈ میپ مل گیا ہے۔ کلین انرجی کو اپنے نظام میں شامل کرنا توانائی کے پائیدار نظام کےلیے اہمیت کا حامل ہے۔ہمارے 640 میگاواٹ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں پر عالمی سطح پر کافی دلچسپی دیکھی گئی ہے۔
سی ای او کےالیکٹرک نے کہا کہ یہ فیصلہ ہمیں جدید، پائیدار ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کرنے کے قابل بنائے گا۔ یہ پروگرام کراچی کے رہائشیوں کا روشن مستقبل یقینی بنائے گا۔