سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 50 سے 100 فیصد اضافہ کیا جائے، بی این پی عوامی


خضدار(قدرت روزنامہ)بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) خضدار کے ضلعی ترجمان نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کے تناسب سے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنرز کی پنشن میں اضافہ کیا جائے، ملک میں مہنگائی دو سو فیصد ہوگئی ہے اور حکومت ملازمین کیلئے 15 فیصد اضافہ کی تجویز دے کر اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر بھی نہیں ہے، ترجمان نے کہا کہ وفاقی حکومت ہو یا صوبائی حکومتیں ملازمین کی تنخواہوں میں 50 سے 100 فیصد بڑھائی جائے تاکہ ملازمین اپنے بچوں کا گزر بسر کرسکیں، ایک طرف مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، دوسری طرف ملازمین کی تنخواہوں میں خاطرخواہ اضافے کی تجویز سامنے نہیں آرہی ہے۔ خدشہ ہے کہ اس مرتبہ ملازمین کو طفل تسلیاں دی جارہی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بی این پی عوامی ہمیشہ ملازمین کے حقوق کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے، بی این پی عوامی کے قائد سابق وفاقی وزیر میر اسرار اللہ خان زہری ایک ملازم دوست قومی لیڈر ہے وہ قلات اسٹیٹ الاؤنس 40 فیصدکی منظوری کیلئے جدوجہد کرنے میں ملازمین کے ساتھ پیش پیش رہے۔ بی این پی عوامی ملازمین کے ساتھ کسی بھی ناانصافی پر کبھی خاموش نہیں رہیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ ملازم طبقہ کو حکومتی جماعتیں ہمیشہ نظر انداز کیا جاتا ہے۔ عوامی نمائندگان کی تنخواہیں ویسے ہی تین لاکھ سے پانچ لاکھ تک ہونے کے باوجود پھر بھی وہ بڑھانے کی اپیل کی جارہی ہے اور ملازمین کو 30 سے 40 ہزار تنخواہ دیکر ملازمین پر بڑا احسان جتلا رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا اگر اس مرتبہ ملازمین کے ساتھ پہلے کی طرح ناانصافی کی گئی تو بی این پی عوامی ہر سطح پر ملازمین کے ساتھ مل کر ان کے جائز حقوق کیلئے جدوجہد کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔