ایران میں صدارتی انتخابات 28 جون کو ہوں گے، قائمقام صدر کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت کے بعد ایران میں 28 جون کو قبل از وقت صدارتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق، ملک میں 14ویں صدارتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان عدلیہ، ایگزیکٹو اور اسپیکر پارلیمنٹ کے درمیان ملاقات کے بعد کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صدارتی امیداروں کی رجسٹریشن 30 مئی سے 3 جون تک ہوگی، جبکہ صدارتی انتخابات کی مہم 12 سے27 جون تک چلائی جائے گی۔
خیال رہے کہ صدر ابراہیم رئیسی اتوار کو ایران آذربائیجان سرحد پر ایک ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپس آ رہے تھے جب ان کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا۔
اس حادثے کے نتیجے میں صدر ابراہیم رئیسی کے علاوہ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان، مشرقی آذربائیجان صوبے کے گورنر ملک رحمتی، صوبہ تبریز کے امام آیت اللہ علی ہاشم اور 3 دیگر افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
ایران کے پہلے نائب صدر محمد مخبر کو رئیسی کی موت کے بعد پیر کو قائم مقام صدر مقرر کیا گیا تھا۔
ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایرانی حکام نے ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے اس حوالے سے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے۔
یہ کمیٹی بریگیڈیئر علی عبداللہی کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔ ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کی وجوہات جاننے کے لیے کمیٹی کے ارکان نے جائے حادثہ کا دورہ بھی کیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق واقعہ کی تحقیقات مکمل ہوتے ہی انہیں عوام کے سامنے لایا جائے گا۔