ریلوے نے بعض ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کر دی
لاہور(قدرت روزنامہ) ریلوے حکام نے 1 کلو میڑ سے 200 کلو میٹر تک تمام کلاسز کی ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کر دی۔ ریلوے حکام کے مطابق بعض ٹرینوں کی اکانومی کلاس کے کرایوں میں 54 فیصد تک کمی کی گئی ہے جبکہ اے سی کلاس کے کرایوں میں 40 فیصد تک کمی کی گئی ہے۔
لاہور تا راولپنڈی کے درمیان چلنے والی ٹرین ریل کار کی اکانومی کلاس کا کم سے کم کرایہ 250 روپے تھا جو کم ہو کر 100 روپے کر دیا گیا ہے۔خیبر میل ٹرین کی اکانومی کلاس کا 1 کلو میٹر سے 130 کلو میٹر تک کرایہ 250 روپے تھا جو کم ہو کر 100 روپے رہ گیا ہے۔
ایک ماہ کے دوران 2 مرتبہ ڈیزل کی قیمت میں کمی ہونے کے باعث کرایوں میں کمی کی گئی ہے۔
ریلوے حکام نے ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس پر آج 21 مئی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔