7 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والا درندہ صفت ملزم گرفتار
کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان بازار پولیس نے 8 روزقبل 7 سالہ معصوم بچی کوزیادتی کا نشانہ بنانے والے درندہ صفت ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ویسٹ حفیظ الرحمٰن بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 13 مئی کو پاکستان بازار تھانے کی حدود میں 7 سالہ معصوم بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ جس کے بعد پولیس نے متاثرہ بچی کے دادا کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے گھناؤنے فعل میں ملوث ملزم کی تلاش شروع کردی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ بچی کو زیادتی کانشانہ بنانے والے ملزم فرحان ولد نورامین کوگرفتارکرکے اس کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے جب کہ گرفتارملزم نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا ہے۔ گرفتارملزم متاثرہ بچی کو بہلا پھسلا کر خیر آباد میں خالی پلاٹ میں لے گیا تھا جہاں اس نے معصوم بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا ۔
گرفتار ملزم متاثرہ بچی کے محلے ہی میں رہائش پذیر تھا ۔ متاثرہ بچی نے بھی گرفتار ملزم کی شناخت کرلی ہے۔ ملزم کی نشاندہی پر موقع پرسے بھی ڈی این اے کے سیمپلز حاصل کر لیے گئے ہیں جو کراس میچ کے لیے جامعہ کراچی میں واقع لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔