پرنس کریم آغا خان کی صاحبزادی کی گلگت آمد، صحت و تعلیم کے شعبہ میں حکومت کے ساتھ ملکر کام کرنے کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پرنس کریم آغا خان کی صاحبزادی شہزادی زہرا آغا خان نے کہا ہے کہ آغا خان ڈولپمنٹ نیٹ ورک گلگت بلتستان میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گا .
شہزادی زہرا آغا خان گلگت بلتستان کے دورے پر آج گلگت پہنچی ہیں .

اپنے دورے کے دوران وہ ہنزہ اور غذر میں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے صحت و تعلیم کے شعبوں میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گی .
ان کی گلگت آمد پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے انہیں گلگت بلتستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے خوش آمدید کہا . وزیراعلیٰ نے کہا کہ پرنس کریم آغا خان کی گلگت بلتستان میں صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور سماجی ترقی کے حوالے سے خدمات قابل تحسین ہیں .
انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے تحت صحت اور تعلیم کے پروگرامز کو صوبے کے تمام اضلاع خصوصاً پسماندہ اور دور دراز کے علاقوں تک وسعت دی جائے .

حاجی گلبر خان نے کہا کہ تمام اضلاع میں ہیلتھ انفراسٹرکچر موجود ہے لیکن ڈاکٹرز، اسپیشلسٹ، پیرا میڈیکل اسٹاف اور بائیو میڈیکل آلات کی کمی کو دور کرنے کے لیے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کا تعاون درکار ہے .
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں بھی ماہر اساتذہ اور ان کی تربیت کی ضرورت ہے . انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ آغا خان ایجوکیشن سروس کا اس شعبے میں بھی خصوصی تعاون درکا ہے تاکہ معیار تعلیم کو بہتر بنایا جاسکے اور سب تک تعلیم کی رسائی ممکن ہوسکے .
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے شہزادی زہرا آغا خان سے گفتگو میں پرنس کریم آغا خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت کا پیغام دیا . انہوں نے شہزادی زہرا کو شیلڈ بھی پیش کی .

اس موقع پر شہزادی زہرا آغا خان نے کہا کہ وہ گلگت بلتستان میں صحت اور تعلیم کے منصوبوں کا جائزہ لیں گی . انہوں نے حکومت گلگت بلتستان کے تعاون سے علاقے کی ترقی خصوصاً تعلیم اور صحت کے شعبے میں مزید کام کرنے کا اعادہ کیا .
شہزادی زہرا نے کہا کہ آغا خان اسپتال کے ذریعے نرسز کی ٹریننگ اور صحت کی سہولیات کی بہتری کے لیے بھی کام کریں گے اور جدید تقاضوں کے مطابق صحت اور تعلیم کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے .

. .

متعلقہ خبریں