نابینا افراد کی فلاح کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے: گورنر پنجاب


راولپنڈی (قدرت روزنامہ)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔ نابیناافراد کی فلاح کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آنکھوں کی بینائی سے محروم افراد کو مختلف محکموں میں تعیناتی کے تقرر نامے دینے کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں آنکھوں کی بینائی سے محروم افراد کو مختلف محکموں میں تعیناتی کے تقرر نامے دینے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے آنکھوں کی بینائی سے محروم افراد کو پنجاب کے مختلف محکموں میں تقرر نامے دئیے۔تقریب میں 49 آنکھوں کی بینائی سے محروم افراد کو تقرر نامے دئیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔ آنکھوں کی بینائی سے محروم افراد کی فلاح کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ باعزت روزگار سب کا بنیادی حق ہے۔ آنکھوں کی بینائی سے محروم افراد نے معذوری کو مجبوری نہیں بننے دیا جو قابل ستائش ہے۔ آنکھوں کی بینائی سے محروم افراد کے مطالبات کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
گورنر پنجاب سے وائس آف سپیشل پرسن کے وفد نے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے وائس آف سپیشل پرسن کے وفد کو یقینی دہانی کرائی کہ وہ ذاتی حیثیت سے آنکھوں کی بینائی سے محروم افراد کی فلاح کے لیے کردار ادا کریں گے۔