ایس بی کے ٹیسٹ پاس 9 ہزار سے زائد امیدواروں کو نوکریاں دی جائیں، رحمت صالح بلوچ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعرات کو بلوچستان اسمبلی اجلاس میں سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی پوسٹوں کے حوالے سے ایڈووکیٹ جنرل کی عدم موجودگی پر پیر 27مئی دن گیارہ بجے تک موخر کیا جائے کیونکہ پہلے یہ معلوم ہوجائے ایڈووکیٹ جنرل اپنی رائے دے دیں کہ سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلے کے بعد اس پر ہم تبادلہ خیال کرسکتے ہیں کہ نہیں، کیا رول ہمیں اجازت دیتا ہے یا نہیں جس پر نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ 900 سے زائد پوسٹوں پر تعینات ملازمین اس وقت سخت پریشان ہیں کہ ان کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے جس پر وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ ہم جائزہ لے رہے ہیں اگر ہمیں رول اور ایڈووکیٹ جنرل نے بولنے کی اجازت دی تو اس پر پورا ایوان ڈیبیٹ میں حصہ لے گا، اسپیکر نے بلوچستان اسمبلی کے سامنے سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کے احتجاجی دھرنے کے پاس اراکین اسمبلی پر مشتمل وفد بھیجا تاکہ انہیں اسمبلی کی کارروائی سے آگاہ کریں اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ پیر کو ہونے والے اجلاس میں اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا، اس پر اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری اور دیگر اراکین اسمبلی نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت اہم مسئلہ ہے اس کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے کہ کیا ہم اس پر بول سکتے ہیں یا نہیں۔