پوت کے پاؤں پالنے میں: گھانا کے ڈیڑھ سالہ بچے نے خود کو دنیا کا کمسن ترین مرد مصور منوالیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سرکاری طور پر دنیا کے سب سے کم عمر مرد مصور کے طور پر پہچانے جانے والے گھانا کے بچے کی والدہ نے اپنے بیٹے کی فنکارانہ صلاحیت پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کا سپوت آرٹ کی دنیا میں بہت جلد کامیابیاں سمیٹ لے گا۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق محض ایک سال اور 152 روزکی عمر میں ایس لیام نے ناقابل یقین کارنامہ انجام دیا ہے۔بچے کی والدہ چنٹیلے کوکووا ایگھن خود بھی 8 برس سے پینٹنگز کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کا بچہ رنگوں کی ہم آہنگی سے بخوبی واقف ہے یعنی وہ یہ بات خوب جانتا ہے کہ کون سا رنگ کس رنگ کے ساتھ اچھا لگے گا۔ایگھن نے کہا کہ انہیں پہلی بار بچے کی صلاحیتوں کا اندازہ اس وقت ہوا جب وہ صرف 6 ماہ کا تھا۔

ایس لیام کو گزشتہ پیر کو گنیز ورلڈ ریکارڈز کے اعزاز سے نوازا گیا۔
ایگھن نے کہا کہ جب میں نے اپنی ای میل کھولی اور مجھے پتا چلا کہ میرے بچے نے عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے تو میں روپڑی اور خدا کا شکر ادا کیا.
تاہم ریکارڈ کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیےایس لیام کو ایک پیشہ ورانہ نمائش کا حصہ بننے کی ضرورت ہوگی جہاں اس کا کام عوام کے لیے رکھا جائے اور فروخت ہو۔

ایس لیام کے کام کی گزشتہ دسمبر سے جنوری کے شروع تک دارالحکومت اکرا کے میوزیم آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں نمائش کی گئی۔ وہاں بچے کے بنائے گئے 10 فن پارے فروخت ہوئے تھے۔ آئندہ جولائی میں 2 سال کے ہوجانے والے غیرمعمولی صلاحتیوں کے حامل اس بچے نے اپنے مختصر سے کیریئر کے دوران اب تک اپنی 15 پینٹنگز فروخت کی ہیں اور جلد ہی ایک نیلامی کی میزبانی بھی کرنے والا ہے۔

تاہم چوں کہ یہ ابھی ایک معصوم بچہ ہے لہٰذا اس کا فن کی دنیا میں یہ غوطہ لگانا بہرحال غیر ارادی عمل ہے۔ والدہ کا کہنا ہے کہ بحیثیت ’سنگل مدر‘ انہیں اس بات کی ضرورت بھی ہوتی ہے کہ ان کے کام دوران ان کا بچہ ایسی کسی سرگرمی میں مصروف رہے تاکہ وہ بھی اپنی پینٹنگز ودیگر کاموں پر توجہ دے سکیں۔
بچے کے پہلے شاہکار کو ’کرال‘ (رینگنا) کا نام دیا گیا ہے۔ والدہ کا کہنا ہے کہ وہ امید کرتی ہیں کہ ان کا بیٹا گھانا کے فنکار اماوکو بوفو کے نقش قدم پر چلے گا جنہوں نے آرٹ کے میدان میں ملک کا نام روشن کیا۔

والدہ نے کہا کہ جہاں تک بین الاقوامی فنکاروں کا تعلق ہے تو وہ چاہتی ہیں کہ ان کا بیٹا امریکی آرٹسٹ جیکسن پولاک اور برطانیہ کے ڈیمین ہرسٹ جسیا بنے۔
والدین کے لیے اپنے پیغام میں ایگھن نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کے ٹیلنٹ کو کم عمری سے ہی پروان چڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
ایس لیام کا اب ایک اپنا اسٹوڈیو ہے جو اس کی والدہ نے بڑے چاؤ سے بنایا ہے۔ غیرمعمولی صلاحیتوں کا حامل یہ بچہ اپنے اسٹوڈیو میں اگلا شاہکار تخلیق کرنے کے لیے تیار ہے۔