حماد اظہر کے بعد کیا مراد سعید بھی روپوشی ختم کرکے منظر عام پر آ رہے ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان رہنما حماد اظہر روپوشی ختم کرکے منظر عام پر آچکے ہیں۔ انہوں نے عمران خان کی ہدایت پر باقاعدہ سیاسی سرگرمیاں شروع کردی ہیں، تاہم سابق وفاقی وزیر اور امیدوار برائے سینیٹ مراد سعید تاحال روپوش ہیں۔
کیا مراد سعید بھی روپوشی ختم کرنے والے ہیں؟
پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق مراد سعید روپوش ضرور ہیں لیکن مرکزی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، پارٹی اور سیاسی امور میں سرگرم ہیں۔ وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہیں۔ تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے ایک سینئیر رہنما نے بتایا کہ صوبے میں ان کی حکومت کے باوجود مراد سعید کو گرفتاری کا ڈر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مراد سعید اس وقت مقبول ترین رہنما ہیں۔ ان کے سوشل میڈیا پیغام پر بڑے بڑے مظاہرے ہوئے۔ کارکنان بھی بے تابی سے ان کے منتظر ہیں۔
تحریک انصاف کے باخبر ذرائع نے بتایا کہ مراد سعید جلد منظر عام پر آنے والے نہیں ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ مراد سعید فوری طور پر روپوشی ختم کر کے منظر عام پر نہیں آئیں گے۔ عمران خان نے حماد اظہر اور میاں اسلم اقبال ہی کو منظر عام پر آنے کی ہدایات کی ہیں۔ ابھی مراد سعید کے منظر عام پر آنے کا وقت نہیں ہوا، مراد سعید عمران خان کی ہدایات تک روپوش ہی رہیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کی جانب سے مراد سعید کو سینٹ الیکشن کے انعقاد تک روپوش رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ سینٹ میں کامیابی بعد روپوشی ختم کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاج کی تیاری اور مراد سعید کا کردار
پارٹی کے ذرائع بتاتے ہیں کہ مراد سعید روپوشی میں پارٹی کو منظم کرنے اور کارکنان کو سرگرم رکھنے میں اہم کردار ادا کر ر ہے ہیں۔ کچھ عرصہ پہلے مراد سعید نے سوشل میڈیا پر احتجاجی مظاہروں کی کال دی تھی جس پر پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ پارٹی رہنما بتاتے ہیں کہ مراد سعید اب بھی مسلسل رابطے میں ہوتے ہیں اور احتجاج کے حوالے سے کارکنان کو ہدایت دیتے رہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مراد سعید کی واپسی سے کارکنان کا حواصلہ بلند ہوگا۔
مراد سعید کہاں روپوش ہیں؟
مراد سعید مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہیں۔ الیکشن سے پہلے ان کی گرفتاری کے لیے پولیس مسلسل چھاپے مار رہی تھی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ مراد سعید پشاور ہی میں ہیں۔ صوبے میں حکومت بننے کے بعد ان کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپوں میں کمی آئی ہے۔ کچھ ذرائع بتاتے ہیں کہ سی ایم ہاؤس پی ٹی آئی کے روپوش رہنماؤں کے لیے پناہ گاہ ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حماد اظہر اور دیگر رہنما بھی پہلے پشاور میں منظر عام پر آئے اور پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت لینے کے بعد آبائی علاقوں کا رخ کیا۔
اپنی حکومت کے باوجود گرفتاری کا ڈر
خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہونے کے باوجود کارکنان اور قائدین کی گرفتاری کا ڈر موجود ہے۔ مراد سعید بھی اسی وجہ سے تاحال روپوش ہیں۔ پارٹی کے قائدین اور کارکنان نے جو وفاق میں حکومت کے خاتمے کے بعد جیلیں کاٹیں اور روپوش رہے، وہ صوبائی حکومت سے ناراض دکھائی دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اب بھی پولیس کارکنان کو تنگ کر رہی ہے۔ ایف آئی آرز بھی ختم نہیں ہوئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ چند دن پہلے تحریک انصاف کے ایک سینئیر وکیل کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے ایف آئی آر درج کرادی اور ان کی گرفتاری کے لیے پولیس فورس پہنچ گئی تھی۔ وہ سی ایم ہاؤس میں پہنچ گئے، یوں وہ گرفتاری سے بچ گئے۔