اسلام آباد

پی ٹی اے کو کس ٹیلی کام آپریٹر کے خلاف صارفین کی سب سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو اپریل 2024 میں ٹیلی کام صارفین کی جانب سے مختلف ٹیلی کام آپریٹرز اور سیلولر آپریٹرز کے خلاف 16 ہزار 318 شکایات موصول ہوئیں۔
پی ٹی اے کے اعداد و شمار کے مطابق، ٹیلی کام آپریٹر زونگ کے خلاف سب سے زیادہ 5 ہزار 702 شکایات موصول ہوئیں، دوسرے نمبر پر ٹیلی کام آپریٹر جاز کے خلاف 5 ہزار 533 شکایات موصول ہوئیں۔
تیسرے نمبر پر ٹیلی کام آپریٹر ٹیلی نار ہے جس کے خلاف ماہ اپریل میں 2 ہزار 705 شکایات موصول ہوئیں۔ پی ٹی اے کو سب سے کم شکایات ٹیلی کام آپریٹر یوفون کے خلاف موصول ہوئیں جن کی کل ایک ہزار 910 ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ مذکورہ تمام ٹیلی کام آپریٹرز کے خلاف موصول شدہ شکایات میں سے 99 فیصد کا ازالہ کیا گیا۔
پی ٹی اے کو بنیادی ٹیلی فونی کے خلاف 126 شکایات بھی موصول ہوئیں جن میں سے 124 کو اپریل کے دوران حل کیا گیا جس کی شرح 98.4 فیصد تھی۔ مزید برآں، ISPs کے خلاف 294 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 272 (92.5 فیصد) کا ازالہ کیا گیا۔
سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ یہ شکایات مختلف ٹیلی کام آپریٹرز کے خلاف موصول ہوئی ہیں، جن میں سیلولر موبائل آپریٹرز، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل)، لانگ ڈسٹنس انٹرنیشنل آپریٹرز، وائرلیس لوکل لوپ آپریٹرز اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں