بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، پنجاب سے آنیوالا مرغی کا 600 کلو مضر صحت گوشت پکڑا گیا


قمر زمان کی نگرانی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے اسسٹنٹ کمشنر کچلاک کے ساتھ کارروائی کی
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے پنجاب سے آنے والے مضر صحت 600 کلو گرام مرغی کے گوشت کو ضبط کرنے کے بعد تلف کردیا۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن اینڈ اسپیشل یونٹ قمر زمان کی نگرانی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) کچلاک خالد شمس کے ساتھ مل کر کارروائی کی۔
فوڈ سیفٹی ٹیم نے پکڑے گئے مضر صحت گوشت کی جانچ کی اور اس بات کا تعین کیا کہ نمونے خراب اور استعمال کے لیے موزوں نہیں۔اتھارٹی کے مطابق پنجاب سے آنے والا مضر صحت گوشت جس مقامی ہوٹل کو فراہم کیا جانا تھا، فوڈ سیفٹی ٹیم نے اے سی کچلاک کے ہمراہ اس ریسٹورنٹ کا بھی دورہ کیا۔
فوڈ سیفٹی ٹیم نے ریسٹورنٹ کا مکمل معائنہ کیا اور وہاں پہلے سے موجود مرغی کا خراب شدہ گوشت پایا۔ اس کے علاوہ کھانے میں استمال کیا جانے والا ممنوعہ چائنیز نمک بھی پایا گیا۔ صفائی کی ناقص صورت حال کی خلاف ورزی پر اے سی کچلاک نے ریسٹورنٹ کو سیل کیا۔
واضح رہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارتی کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں دوسرے صوبوں سے آنے والے مشکوک گوشت کی ترسیل کی نگرانی اور تفتیش کر رہی ہیں۔ پچھلے ماہ بھی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پنجاب سے آنے والی گاڑی کو روک کر 5,000 کلو مرغی کا مضر صحت گوشت تلف کیا تھا۔ اتھارتی کا کہنا ہے کہ فوڈ سیفٹی ٹیمیں صوبے بھر میں کھانے کی چیزوں کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے فوڈ سیفٹی، حفظان صحت اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے مصروف عمل ہیں۔