ڈاکٹر عامر لیاقت کی وفات کا معاملہ: بیوہ دانیہ شاہ کی درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے پولیس افسران کو نوٹس جاری کردیے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سندھ ہائیکورٹ میں معروف اینکر پرسن ڈاکٹر عامر لیاقت مرحوم کی موت سے متعلق ان کی بیوہ دانیہ شاہ کی درخواست پر سماعت کے دوران ایس ایچ او بریگیڈ، ایس ایس پی کمپلینٹ سیل و دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔
پولیس رپورٹ میں معاملے کو ذاتی اور ملکیت کا تنازعہ قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فریقین کے درمیان جائداد کی ملکیت کا تنازعہ ہے۔
درخواستگزار نے تسلیم کیا کہ اس نے عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ اور بچوں کو جائیداد ہتھیاتے نہیں دیکھا۔ جائیداد کا تنازعہ دیوانی نوعیت کا ہے۔ دانیہ شاہ نے بھی بیان دیا کہ معاملہ ٹرائل کورٹ میں زیر سماعت ہے۔
عدالت نے پولیس رپورٹ درخواست گزار کو فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے دانیہ شاہ کی درخواست پر ایس ایچ او بریگیڈ، ایس ایس پی کمپلینٹ سیل و دیگر کو نوٹس بھی جاری کردیے۔ عدالت نے 3 ہفتے کے اندر جواب داخل کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ سیشن عدالت نے مقدمہ دائر کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی۔
مرحوم عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ مرحوم رکنِ قومی اسمبلی کی موت طبی نہیں بلکہ انہیں قتل کیا گیا ہے۔